سرینگر (جموں و کشمیر): راہل گاندھی کی زیر قیادت ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ آخری مرحلہ میں سرینگر پہنچ چکی ہے اور آئندہ روز یعنی اتوار کو یاترا سرینگر شہر پہنچے گی۔ یاترا کے پیش نظر سرینگر ٹریفک پولیس نے شہر اور مضافی علاقوں میں ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کے روز کسی بھی گاڑی کو پانتھہ چوک سے ڈل گیٹ کی اور جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وہیں ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نوگام - نٹی پورہ - صنعت نگر - حیدر پورہ والا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی اور جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق سرینگر کے ڈل گیٹ سے پانتھہ چوک کی طرف بھی کسی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈل گیٹ - ایس آر ٹی سی برج - سنگرمال کا راستہ اختیار کریں۔ حکم نامے کے مطابق عوام الناس سمیت سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: Mehbooba and Ilteja Mufti Joins BJY: محبوبہ اور التجا مفتی بھارت جوڑو یاترا میں شامل
اس کے مزید سرینگر ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس (حکمنامہ) کے مطابق ہی اپنی نقل و حرکت کی منصوبہ بندی کریں کیونکہ 29 جنوری کو بھاری پیمانہ پر ٹریفک ڈائیورژن ہوگا۔ پانتھہ چوک سے ڈل گیٹ تک، ڈل گیٹ سے نشاط براستہ نہرو پارک، گپکار روڈ کو ’’نو پارکنگ زون‘‘ قرار دیا گیا ہے اور وہاں موجود گاڑی کو سیز کرکے ’ٹو‘ کیا جائے گا۔‘‘ ٹریفک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ طبی ہنگامی صورتحال میں سہولت فراہم کی جائے گی۔