سرینگر: محکمہ ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول اور کشمیر بیکرز اینڈ کنفیکشنریز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سرینگر میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں کمشنر فوڈ سیفٹی شکیل الرحمان نے خاص مہمان کے طور شرکت کی۔ جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ اینڈ فوڈ آرگنائزیشن اور اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی مہمان ذی وقار کے طور تقریب میں موجود رہے۔ کشمیر بیکرز اینڈ کنفیکشنریز ایسوسی ایشن کے اعلی عہدیداران کے علاوہ کشمیر کے نامی گرامی بیکری اینڈ کنفیکشنری یونٹ مالکان نے بھی شرکت کی۔
وادی کشمیر میں محکمہ فوڈ اینڈ سیفٹی میں رجسٹرڈ 2 ہزار 4 سو 49 مٹھائی، بیکری، قصاب، ریستوران، پولٹری فارم اور ہوٹلوں میں سے 86 کو صفائی و ستھرائی ہائی جین ریٹنگ فراہم کی گئی ہے۔ ان دکانوں میں سرینگر میں سب سے زیادہ 40، بڈگام میں 4، بارہمولہ میں 11 اور اننت ناگ کے 31 دکانیں شامل ہیں۔ ہائی جین ریٹنگ حاصل کرنے والوں میں کئی بیکری اور کنفیکشنری دوکان مالکان بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر کشمیر بیکرز اینڈ کنفیکشنریز کے صدر نے کہا کہ تقریب کا مقصد ہائی ریٹنگ میں کامیابی حاصل کرنے والے یونٹ مالکان کی عزت افزائی کرنا ہے تاکہ بیکری بنانے والے دیگر دکاندار بھی اس سے تحریک پاسکیں۔
مزید پڑھیں:
تقریب کے دوران متعلقہ محکمہ کے افسران اور بیکری ایسوسی ایشن کے کئی عہدیدارں نے خطاب کیا اور بیکری کے معیار اور صفائی ستھرائی پر زور دیا۔ اس موقع پر کشمیر بیکرز اینڈ کنفیکشنریز کے جنرل سیکرٹری شاہد حسین میر نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک ایسی تقریبات سے محکمہ کے ساتھ نہ صرف ایک بہتر تال میل پیدا ہوتا ہے بلکہ نئے تقاضوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوتی ہے۔
واضح رہے ہائی جین ریٹنگ حاصل کرنے سے دکانداروں کے کام میں اضافہ ہوتا ہے اور بازار سے مضر صحت بیکری، مٹھائیوں، گوشت، پولٹری اور دیگر غیر معیاری کھانے پینے کی چیزوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔