سرینگر جموں شاہراہ پر کیلاموڑ کے مقام پر جھولا برج بنانے کا کام ہفتے کی شام تک مکمل ہوگا اور پُل کو ہفتے کے روز ہی استعمال کرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کے روز رامبن کے کیلا موڑ پر ایک بڑا حصہ منہدم ہونے کی وجہ سے سرینگر جموں قومی شاہراہ 6 روز سے مکمل طور پر بند پڑی ہے اور رامبن سے نگروٹہ تک مختلف مقامات پر چار ہزار کے قریب مال بردار گاڑیاں در ماندہ ہیں، جبکہ قاضی گنڈ میں پچھلے 15 روز سے گاڑیاں کھڑی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ جمعرات کے روز جھولا پُل بنانے کا کام شروع کیا گیا تھا جوکہ ہفتے کی شام تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جھولا برج کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 20 فٹ کے قریب ہے اور پُل کا کام تقریباً مکمل کیا گیا ہے اور اب صرف لوہے کی چادریں پل کے ڈھانچے پر ڈالنا باقی ہیں۔ لوہے کی پلیٹیں ڈالنے کے بعد پل قابل آمد و رفت بنے گا لیکن اس پر یکطرفہ ٹریفک ہی چلے گا۔
جو بائیڈن کی ٹیم میں شامل ہونے والی سمیرہ فاضلی کون ہیں؟
ادھر ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے جتندر سنگھ جوہر نے بتایا کہ ہفتے کو جھولا پُل مکمل ہوگا ، جس کے بعد پُل کا جائزہ لینے کے بعد ہی ٹریفک کی بحالی سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ٹریفک کی بحالی کے دوران بہت ساری چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے اور ہم پل کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیں گے'۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادھمپور اور رامبن کے درمیان قریب ایک ہزار سے بارہ سو گاڑیاں درماندہ ہیں۔