شہر سرینگر کے مضافات میں واقع عمرکالونی، لال بازار علاقے میں ڈرین کی تعمیرکے بعد سڑک کئی مہینوں سے مکمل طور پر پس پشت ڈال دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے کی کثیر بڑی آبادی کو آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگرچہ دھوپ کے دنوں گرد و غبار میں یہاں کی آبادی اس کچی سڑک سے گزرنے پر مجبور ہیں تاہم بارش کے ایام میں کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے سڑک پر چلنا دشوار ہوجاتا ہے۔
خاص کرکے بزرگ مرد و خواتین اور بچوں کو اس سڑک سے بارش کے دوران آنے جانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وہیں دوسری جانب سڑک پر میگڈیم نہ ہونے سے گاڑیوں کو بھی کافی نقصان پہنچتا ہے۔ بچوں کو اسکولی گاڑیوں میں سوار ہونے کے لیے ایک کلومیٹر کا پیدل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سڑک اور علاقے میں ڈرین کی تعمیر کی غرض سے گزشتہ دس سال سے متعلقہ محکمے کے چکر کاٹے تب جاکے کہیں چار مہینے قبل ڈرین کی تعمیر مکمل ہو پائی ہے، تاہم آمد و رفت کے اہم ذریعے سڑک کو پھر سے ویسے ہی پس پشت چھوڑ دیا گیا جیسے یہ دس سال قبل تھی۔
یہاں کے باشندگان کا کہنا ہے کہ بار ہا متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو اس سنگین مسئلے کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ’’تاہم وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔‘‘
ضرورت اس بات کی ہے کہ متعلقہ محکمہ ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنے کے بجائے علاقے کے باشند گان پر ترس کھاکر اس سڑک کی جانب فوری توجہ دے۔
وہیں لوگوں کے اس دیرنہ مسئلے کو حل کرکے اپنے فرض شناسی کا ثبوت پیش کریں۔