سرینگر کی فروٹ و سبزی منڈی پارمپورہ کی سڑکوں کی ابتر حالت راہگیروں اور دکانداروں کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔
منڈی کی اندرونی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جو زیر آب ہیں نتیجتاً یہاں سے گاڑی ہو یا پیدل دونوں صورتوں میں چلنا پھرنا دشوار بن گیا ہے۔
منڈی میں سڑکوں کی حالت پہلے سے ہی ابتر تھی تاہم بارشوں کی وجہ سے مزید خراب ہوگئی ہیں اور جگہ جگہ جو گڑھے ہیں ان میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کا چلنا پھرنا دشوار ہوگیا ہے۔
منڈی میں کام کر رہے لوگوں نے بتایا کہ اندرونی سڑکیں پہلے ہی خستہ حالی کی شکار تھیں جن کی کافی عرصے سے مرمت نہیں کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں انہوں نے پہلے بھی کئی دفعہ اعلیٰ حکام تک اس بات کو پہنچایا ’’لیکن کسی نے بھی اس پر غور کرنے کی زحمت نہیں کی۔‘‘
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر کے لئے جتنی جلد ہو سکے کام شروع کیا جانا چاہئے وگرنہ مستقبل قریب میں پھر سردیوں کے موسم میں انہیں از حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔