اپنی پارٹی کے صدر محمد الطاف بخاری نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ 'وہ کس حق سے یہ کہہ رہی ہیں کہ انہیں ریاستی درجہ نہیں چاہیے۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے میں اسی پارٹی کا تو بڑا ہاتھ ہے جس نے اپنی کرسی کے لئے بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا۔'
انہوں نے کہا کہ 'دوسروں کو "بی" ٹیم کہنے والی خود "اے" ٹیم کا رول ادا کر چکی ہیں۔'
ان باتوں کا اظہار اپنی پارٹی کے صدر محمد الطاف بخاری نے پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں ایک کنونشن سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔
الطاف بخاری نے کہا کہ 'محبوبہ مفتی آج کس بات پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہیں۔ سارا تو ختم کروایا اب بچا کیا ہے۔'
انہوں نے سوالیہ انداز میں پی ڈی پی صدر سے مخاطب ہو کر کہا کہ 'ریاستی درجہ نہیں چاہئے، یہ بیان کس کے اشارے پر دیا جا رہا ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: 'جموں و کشمیر میں جائیداد ٹیکس لاگو کرنے کا موزوں وقت نہیں'
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ 'پی ڈی پی اور این سی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو دہائیوں سے گمراہ کیا ہے اور اب دفعہ 370 کی بحالی کے نام پر ایک بار پھر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن یہ پبلک ہے سب جانتی ہے۔'
واضح رہے کہ منگل کے روز پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ضلع کپوارہ میں منعقد پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر کہا تھا کہ ہم ریاستی درجے کی نہیں بلکہ خصوصی درجے کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔