سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنی اور سربراہ میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے عالم اسلام کے بلند پایہ ولی کامل، سرتاج الاولیا حضرت پیران پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے عرس پاک کی مناسبت سے حضرت شیخ ؒ کی دین اسلام کے تئیں تاریخ ساز دینی، دعوتی، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو ملت کیلئے انمول اور ناقابل فراموش سرمایہ قرار دیتے ہوئے حضرت محبوب سبحانیؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔Tribute To Sheikh Abdul Qadir Jeelani
اس موقع پر بیان میں کہا گیا کہ حضرت پیران پیر نے اپنے کردار و عمل اور مقناطیسی مواعظ حسنہ، مجاہدہ اور کشف و کرامات کے ذریعے جو ایک عظیم روحانی انقلاب پیدا کیا اس کے اثرات آج بھی عالم اسلام اور پوری دنیا میں دیکھے اور محسوس کئے جاسکتے ہیں۔ اپنے بیان میں انجمن نے مزید کہا ہےکہ کہ عصر حاضر میں ملت اسلامیہ کو درپیش جن گوناگوں مسائل کا سامنا ہے، ان کا حل صرف اور صرف قرآن و سنت کی ہدایات کے مطابق حضرت پیران پیرؒ اور بزرگان دین کی تعلیمات پر صدق دلی سے عمل کرنے میں ہی منحصر ہے۔
انجمن نے کہا کہ 9 ربیع الثانی کو صدیوں کی روایات کے مطابق میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق آسان عالیہ خانیار میں عوام کے ایک بھاری اجتماع میں خصوصی مجلس وعظ و تبلیغ کے دوران حضرت پیران پیر کی عظیم روحانی شخصیت، کمالات اور گراں قدر قدر خدمات پر روشنی ڈالتے آئے ہیں تاہم ایک طویل مدت سے حکام کی جانب سے میرواعظ کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی مسلسل نظر بندی کے سبب امسال بھی خصوصی مجلس کا انعقاد ممکن نہیں ہو رہا ہے، جو اہالیان کشمیر کیلئے حد درجہ تکلیف دہ اور باعث اضطراب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر: شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کا سالانہ عرس منعقد