سرینگر (جموں و کشمیر) : کشمیر کے بلند پایہ عالم دین، روحانی پیشوا اور ہر دلعزیز عوامی شخصیت انجمن نصرۃ الاسلام کے سابق صدر میرواعظ مولانا عتیق اللہ شاہ کا 60 واں یوم وصال انجمن کے زیر اہتمام نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران اسلامیہ اورینٹل کالج کے زیر اہتمام قرآن خوانی کی ایک خصوصی مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء، اساتذہ اور عملہ نے مرحوم میرواعظ اور دیگر صدور انجمن اور محبین کیلئے ایصال ثواب کی محفل منعقد کی اور فاتحہ پڑھی۔
سربراہ انجمن، میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی کے سبب انجمن میں کسی بڑی علمی تقریب کا اہتمام ممکن نہیں ہو سکا تاہم ایک مختصر اور خصوصی مجلس میں انجمن کے اساتذہ ، عملہ اور طلبا نے مرحوم میرواعظ عتیق اللہ شاہ کو انجمن کے تئیں ان کی گراں قدر تعلیمی خدمات اور اس حوالے سے بیش بہا اصلاحات کیلئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے آپ کے دور صدارت کو انجمن کے لئے ہر لحاظ سے ناقابل فراموش اور زریں دور قرار دیا اور آپ کے روشن کار ناموں کی سراہنا کی۔
بیان میں مزید کہا گیاکہ 1899 میں انجمن کے قیام کے بعد ہی آپ اس اہم ادارے کے جنرل سیکریٹری تعینات کئے گئے اور پھر 1931 میں انجمن کے سابق صدر میرواعظ مولانا احمد اللہ شاہ کے وصال کے بعد انجمن کی صدارت کی ذمہ داری مرحوم کے کاندھے پر ڈالی گئی اور تب سے لے کر تا وفات مرحوم میرواعظ نے انجمن کے مقاصد اور اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کرکے انجمن کی تاریخ میں ایک بیش بہا باب کا اضافہ کیا۔
انجمن نے یہ بات یاد دلائی کہ 1947ءسے لیکر 1962 تک انجمن کے تحت چلنے والے ادارے شدید مالی بحران کے شکار رہے اور اس دوران انجمن کا Grant in aid بھی بند کیا گیا تو میرواعظ مرحوم کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں یہ ملی ادارہ ملت کشمیر کی بھر پور معاونت سے گھروں اور دکانوں میں چاول اور عطیات کی فراہمی کی مہم چلا کر انجمن تعلیمی، اصلاحی اور سماجی سرگرمیوں کی حصولیابی میں برابر آگے بڑھتا رہا۔1955 میں جب ایک گہری سازش کے تحت اس تعلیمی ادارے کو نذر آتش کیا گیا تو میرواعظ مرحوم کی ہی مساعی جمیلہ سے ادارے کی عمارت کو شایان شان طریقہ پر تعمیر کیا گیا۔
بیان میں کہا گیاکہ اسی دوران مرحوم میرواعظ کے ہی ہاتھوں اور ان کی کوششوں کے نتیجے میں ہی اسلامیہ کالج سائنس اینڈ کامرس سرینگر کی داغ بیل ڈالی گئی جو حول میں منتقل ہونے سے قبل دو سال تک انجمن کے احاطے میں ہی اپنی تعلیمی سرگرمیاں چلاتا رہا اور مرحوم میرواعظ کالج کے بھی تاحیات صدر محترم رہے۔ مرحوم میرواعظ نے انتہائی نامساعد حالات میں کشمیری عوام کی دینی و سیاسی رہنمائی کے ساتھ ساتھ معاشرہ کی بہتری اور اصلاح کے لئے زبردست کوششیں کیں اور اپنی درویشانہ صفات اور خداداد صلاحیتوں سے ہر فرد بشر کو فائدہ پہنچانے میں پیش پیش رہے۔
مزید پڑھیں: Tribute To Mirwaiz Ahmadullah Shah میرواعظ کشمیر مولانا احمداللہ شاہ کی 93 برسی کے موقع پر زبردست خراج
انجمن نے یاد دلایا کہ مرحوم کی وفات کی خبر پھیلتے ہی بلا امتیاز مذہب و ملت مسلمان اور پنڈت برادری کے لوگ شہر و گام سے ہزاروں کی تعداد میں سینہ کوبی کرتے ہوئے میرواعظ منزل میں مرحوم کے آخری دیدار کیلئے جمع ہو گئے اور دوسرے دن سرکاری تعطیل کی گئی اور مرحوم کو پر نم آنکھوں سے اپنے آبائی مقبرہ ملہ کھاہ میں دفن کیا گیا۔