جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل اپنا 57 واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اس موقعے پر تنظیم کے ذمہ داران نے کہا کہ '57 سال قبل جس عزم اور مقصد کے حصول کے لیے تنظیم کے بانی میر واعظ مولانا محمد فاروق نے اپنے رفقا کے ہمراہ اس کی داغ بیل ڈالی تھی، اُس مقصد اور نصب العین کے حصول پر مبنی جدوجہد جاری و ساری رکھی جائے گی'۔
یوم تاسیس کے موقعے پر تنظیم نے بانی چیئرمین مولانا محمد فاروق اور ان کی قیادت کو کشمیری عوام کے تئیں گرانقدر خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراج تحسین ادا کیا گیا۔
وہیں یہ بات بھی واضح کی کہ 'تنظیم کا وہی نصب العین اور موقف ہے جس سے اپنے وقت میں میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ نے اپنے دور میں اپنے رفقا کے ہمراہ مسلم کانفرنس کا قیام عمل میں لا کر جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور پھر 1964 سے میر واعظ محمد فاروق نے عوامی مجلس عمل کی بنیاد ڈال کر اسی تسلسل کو آگے بڑھایا'۔
دوسری جانب اس دن پر عوامی مجلس عمل کی جانب سے سرکار پر زور دیا گیا کہ میر واعظ سمیت دیگر تمام اسیران کی بلا مشروط رہائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے مولانا محمد فاروق کو 1990 میں ہلاک کیا گیا تھا۔