جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا ایک وفد حد بندی کمیشن سے ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں ہم نے حد بندی سے پہلے ہی انتخابات منعقد کرانے کی بات کی تھی۔
انہوں نے کہا 'اپنی پارٹی کے سینیئر لیڈروں کا ایک وفد حد بندی کمیشن کے ساتھ سری نگر میں بھی اور جموں میں بھی ملاقات کرے گا اور زمینی حقائق کے پیش نظر کیا ہونا چاہئے ہم وہ ان کے سامنے پیش کریں گے۔ وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں ہم نے حد بندی سے پہلے ہی انتخابات منعقد کرانے کی بات کی تھی'۔
انہوں نے کہا 'چوبیس تاریخ کو جو میٹنگ وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی ہم نے اس میں کہا تھا کہ حد بندی کے بنا ہی انتخابات ہونے چاہئے لیکن وہاں وزیر داخلہ نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں چونکہ اسمبلی نشستیں بڑھ گئی ہیں لہٰذا وہاں آسام کے طرز پر انتخابات منعقد نہیں ہو سکتے'۔
اس سے قبل معروف سیاسی کارکن اور سابق نیشنل کانفرنس لیڈر اعجاز احمد میر جنہوں نے راجوار ہندواڑہ ضلع کپواڑہ سے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات بھی لڑے تھے، نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا پارٹی صدر کے علاوہ سینیئر نائب صدر غلام حسن میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، ترجمان جاوید حسن بیگ، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون، ضلع نائب صدرکپواڑہ عبدالرشید بھٹ اور عبدالرحیم وانی بھی موجود تھے۔
اعجاز میر کا اپنی پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہا 'مجھے یقین ہے کہ اُن کی شمولیت سے ہندواڑہ قصبہ اور اس کے مضافات میں اپنی پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہوں گے اور زمینی سطح پر پارٹی مزید مضبوط ہوگی'۔
اس موقع پر میر نے کہا کہ اپنی پارٹی نے حقیقت پسندانہ ایجنڈا سے متاثر ہو کر انہوں نے اس سیاسی پلیٹ فارم کے تلے آکر لوگوں کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کپواڑہ بالعموم اور بالخصوص اُن کے علاقہ جات کو ماضی میں جن لیڈران نے بھی نمائندگی کی، نظر انداز کیا۔