جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 73 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں لگاتار کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ ایک ہفتے سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔
اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے 73 نئے مثبت معاملات کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 124019 ہو گئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 31 خطہ جموں سے ہیں اور 42 کیسز خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1929 ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ 73کورونا مریض آج صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 30 جموں خطے سے ہیں اور 43 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 120987 ہو گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 124019 پازیٹیو کیسز میں سے 1103 کیسز فعال ہیں جبکہ 120987 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزی میں عوام کو یہ مشورہ دیا گیا ہےکہ وہ وقتاً فوقتاً حکومت کی طرف سے جاری کردہ مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے حکومت کی طرف سے روزانہ میڈیا بلیٹن کے ذریعہ جاری کردہ معلومات پر ہی انحصار کریں۔
لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ افواہوں کو پھیلانے سے باز رہیں اور ان پر کوئی دھیان نہ دیں۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگ ٹول فری نمبر 108 پر کال کرکے اپنے دروازوں پر مفت ایمبولینس خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ جبکہ حاملہ خواتین اور بیمار شیرخوار ٹول فری نمبر 102 پر فون کرکے مفت ایمبولینس خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔