جموں و کشمیر میں سنہ 2019 میں 5839 ٹریفک حادثے رونما ہوئے ہیں جن میں 1054 افراد فوت جبکہ 5795 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی ایک سالانہ رپورٹ کے مطابق سنہ 2019 میں ملک بھر میں 4،67،171 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 437396 سڑک حادثات، 27897 ریل حادثات اور 1788 ریل کراسنگ حادثات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ گزشتہ برس حادثات میں مرنے والوں کی تعداد سنہ 2018 سے کم ہے تاہم سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موٹر سائکل حادثات میں کافی اضافہ ہوا ہے اور بیشتر حادثات شام کے وقت رونما ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مرنے والے افراد کی تعداد ریاست اتر پردیش سے ہے جہاں 53213 افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔
رپورٹ کے مطابق قومی شاہراہوں پر 128603 حادثات رونما ہوئے ہیں جبکہ 107327 ریاستی شاہراہوں اور 201467 حادثات دیگر سڑکوں پر واقع رونما ہوئے ہیں۔
قومی شاہراہوں پر ہوئے حادثوں میں 53213 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ ریاستی شاہراہوں پر 39624 اور دیگر سڑکوں پر 61895 افراد فوت ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات عموماً سرینگر - جموں شاہراہ اور وادی چناب کی شاہراہوں پر رونما ہوتے ہیں۔
چناب شاہراہ کے حادثات میں اکثر و بیشتر مسافرین اپنی جانیں گنواں بیٹھے ہیں جبکہ وادی میں زیادہ تر موٹر سائیکل حادثات رونما ہوتے ہیں۔