جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں تین ماہ تک سخت لاک ڈاؤن کے بعد جزوی بندشیں ہٹائی گئی ہیں، اب بازار، تجارتی اور کاروباری مراکز کھول دیئے گئے ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے ہفتہ میں سبھی دکانوں کو باری باری کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی ہے، جس کے بعد شوپیاں ضلع میں تین ماہ سے ویران بازاروں میں ہلکی سی چہل پہل دیکھنے کو ملی۔
انتظامیہ کی طرف سے اس بات کو لازم بنایا گیا ہے کہ ہر ایک کاروباری جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کرے اور عام لوگوں کو بھی قواعد وضوابط پرعمل کرنے کی تلقین کرے۔
دکانداروں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے 'پہاڑی ضلع ہونے کی وجہ سے قصبہ شوپیاں میں دکانوں کو دن بھر کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے کیونکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے گاہکوں کو شہر پہنچے کے لیے کافی وقت لگتا ہے۔ تاہم دکانوں کو چند ہی گھنٹوں تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے'۔
انہوں نے کہا ہم انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائن اور قواعد و ضوابط پر عمل کریں گے، لیکن بندشوں کو کم کیا جائے، تاکہ ہمارا کاروبار اچھے سے چل سکے۔