شوپیاں: جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں سنیچر کی دوپہر ایک کشمیری پنڈت کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے اسکے گھر کے پاس گولیاں چلا کر اسے ہلاک کر دیا۔kashmir pandit killed in Shopian
ذرائع کے مطابق ایک کشمیری پنڈت جسکی شناخت 43 سالہ پورن کرش بٹ ولد تارک ناتھ بٹ ساکنہ چھودری گنڈ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے آج دوپہر کے وقت اپنے گھر سے باہر آرہا تھا۔ جب مذکورہ کشمیری پنڈت اپنے گھر سے باہر نکل کر گیٹ پر پہنچ گیا تو مشتبہ عسکریت پسندوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکی وجہ سے یہ کشمیری پنڈت شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
اگرچہ واقعے کے فورا بعد اس کشمیری پنڈت کو ضلع اسپتال شوپیاں لایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ادھر واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں شروع کردی ہے۔
چھودری گنڈ جو ضلع ہیڈکوارٹر شوپیاں سے قریب 8 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے میں 90 کی دہائی میں کئی کشمیری پنڈت مقیم تھے پھر جب وادی کشمیر میں حالات خراب ہوگئے تو 1990 کی دہائی کے اوائل میں کشمیری پنڈت وادی کشمیر چھوڑ کر جموں، دہلی اور ملک کے کچھ دوسرے حصوں میں آباد ہونے کے لیے چلے گئے تاہم کچھ کشمیری پنڈت اپنے گھروں کو چھوڑ کر نہیں گئے اور انہوں نے کشمیر میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔
چھودری گنڈ میں بھی کئی کشمیری پنڈت مقیم تھے تاہم حالات ناسازگار ہونے کے بعد یہاں صرف 9 کشمیری پنڈت کنبے رہائش پذیر ہیں۔کشمیری پنڈتوں پر حملہ کو لیکر علاقے میں رنج و غم کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے اس واقعے کو دکھ کی بات سے تعبیر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور مقامی لوگوں نے کافی تعداد میں اس پنڈت کے گھر جاکر ان کے دکھ میں شرکت کی۔