ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے ہفتہ کو ضلع پلوامہ اور شوپیاں کا دورہ کر کے باغبانی سے وابستہ کسانوں سے ملاقات کی۔ وہیں اس دوران ضلع شوپیاں میں کسانوں کو کم قیمت پر پودے فراہم کیے گئے۔
محکمہ کے ڈائریکٹر نے کسانوں کو فراہم کی جانے والی مختلف اسکیموں کی عمل آوری کے بارے میں افسران سے جانکاری حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف باغات اور نرسریوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر کسانوں کو چھ روپے کے حساب سے ایک ایک شخص کو چار پودے فراہم کئے گئے۔ کم نرخوں پر پودے حاصل کرنے پر کسانوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی کسانوں کو سہولیات فراہم کیے جانے کی امید ظاہر کی۔
دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ باغ مالکان کو اُن کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی خاطر محکمہ ہر وقت کوشاں ہے۔
ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے باغ مالکان کی سہولیات کیلئے مختلف اسکیموں کو منظر عام پر لایا گیا ہے اور اس حوالے سے چیف ہارٹیکلچر افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیداری مہم شروع کریں تاکہ ہر کسی کو ان اسکیموں کے دائرے میں لایا جا سکے۔