شوپیاں کے ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن عرفان منہاس نے اچانک ضلع اسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کئی مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی جنہوں نے ہسپتال میں درپیش کئی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔
اس دوران مقامی لوگوں نے ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن عرفان منہاس کو بتایا کہ ’’اسپتال میں حاملہ خواتین کو بنا کسی سنجیدہ مسئلے کے سرینگر ریفر کرنا یہاں کا معمول بن چکا ہے۔ جس کے باعث غریب عوام کو بلاوجہ ذہنی و مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
مقامی لوگوں کے مطابق ضلع سطح کے اس ہسپتال میں بیشتر وقت ڈاکٹر نظر نہیں آتے ہیں اور نہ ہی ضلع اسپتال میں صفائی کا کوئی انتظام ہے۔
ڈی ڈی سی چیئرپرسن کو بتایا گیا کہ اسپتال کے احاطے میں بنائے گئے بیت الخلا اکثر و بیشتر بند ہی رہتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ کافی زیادہ پریشان ہیں۔
مزید پڑھیں؛ جموں میں گہری دھند، اگلے ہفتے تک موسم خشک رہنے کا امکان
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے کہا کہ اسپتال میں لمبے عرصے سے ایسے کام چلتا آ رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران جن مسائل کا مشاہدہ انہوں نے کیا اور جن مشکلات کا ازالہ فوری طور پر ممکن ہے اس کے لیے انہوں نے متعلقہ محکمہ جات اور افسران سے رجوع کرکے عوامی مشکلات کو جلد حل کرنے کی بات کی ہے۔