ضلع شوپیان کے وڈی پورہ امام صاحب علاقے میں کچھ کووے مردہ پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے نمونے جانچ کے لئے جالندھر اور بھوپال کی لیباریٹریز میں بھیجے گئے تھے جن میں کچھ نمونوں کی رپورٹ مثبت آنے کے ساتھ یہ بات واضح ہوگئی کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان میں بھی برڈ فلو نے دستک دی ہے۔
ادھر ضلع کے پہنو اور بلپورہ علاقے کے لوگوں کے مطابق چھ کووے یہاں بھی مردہ پائے گئے ہیں، جس کے بعد انیمل ہسبنڈری اور پولٹری محکمہ کی ٹیموں کو ان علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے اور وہاں سے ان مردہ کووے کے نمونے جانچ کے لیے حاصل کئے گئے ہیں۔
متعلقہ محکمہ کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کرنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ایڈوائرزی جاری کی کہ کسی بھی پرندوں کو ہاتھ لگانے سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فلو کی قسم اتنی خطرناک نہیں ہے البتہ لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں بارش کے بعد درجہ حرارت میں بہتری
انہوں نے کوؤں اور مہاجر پرندوں کے اندر برڈ فلو کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'محکمہ متحرک ہے اور ہر طرح کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انتظامیہ نے فی الحال وڑی پورہ علاقے میں مرغوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔'