شوپیاں: جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں فوج نے ایک مقدس مقام کی مرمت کی جس کا مقامی لوگوں نے استقبال کرکے فوج کا شکریہ ادا کیا۔ ضلع ہیڈکوارٹر شوپیاں سے قریب 40 کلومیٹر دور تاریخی مغل روڈ پر پیر کی گلی مقام پر ایک زیارت شریف درگاہ واقع ہے۔ فوج نے اس درگاہ کی مرمت کا کام کیا ہے، عقیدت مندوں نے فوج کا شکریہ ادا کیا۔ Army repaired a shrine at Peer ki Gali In Shopian
پیر کی گلی صوبہ جموں کے پوشانہ اور کشمیر کے ہیرپورہ گاؤں کے درمیان واقع ہے۔ پیر کی گلی میں ایک زیارت شریف درگاہ بھی واقع ہے جہاں شیخ احمد کریمؒ نے قیام کیا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس جگہ کی تاریخ علمدارِ کشمیر شیخ نور الدین نورانیؒ (1378 تا 1441) کے زمانے سے ملتی ہے۔
پیر کی گلی مغل روڈ کا سب سے اونچا مقام ہے۔ اس کو پیر پنجال پاس بھی کہا جاتا ہے۔ یہ جگہ اتنی پرکشش ہے کہ آنے جانے والے مسافر یہاں ضرور رکتے ہیں۔ کافی پرانی ہونے کی وجہ سے یہ درگاہ خستہ حالی کی شکار ہو گئی تھی۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج کی 15 گھروال نے اس درگاہ کی مرمت کی۔
فوج نے وادیٔ کشمیر میں صوفی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنے اور کشمیر کی پرانی صوفی روایت کو برقرار رکھنے اور وادیٔ کشمیر میں اسلامی تصوف کے اظہار میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اس مقام کی مرمت کی۔