رام بن (جموں و کشمیر) : مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں ضلع ترقیاتی کمشنر، مسرت الاسلام، نے ضلع کے عازمین حج کے پہلے قافلے کو جامع مسجد، جدید، رام بن میں منعقدہ دعائیہ مجلس کے بعد ہری جھنڈی دکھا کر حج ہاؤس، سرینگر کیلئے روانہ کیا۔ پہاڑی ضلع رام بن سے رواں برس کل 115 عازمین سفر محمود کے لیے روانہ ہو رہے ہیں جن میں سے آٹھ افراد پر مشتمل پہلا قافلہ کل سرینگر ائیرپورٹ سے جدہ کیلئے حجاز مقدس روانہ ہوگا، جبکہ باقی 97 عازمین پندرہ جون کو سرینگر ائیرپورٹ کیلئے روانہ ہونگے۔
حج کمیٹی اور ضلع انتظامیہ رام بن کی جانب سے سفر محمود پر جانے والے عازمین کے لیے انتظامات کو لیکر عازمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وہیں جدید جامع مسجد رام بن میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عازمین حجاج، علماء و خطباء، ڈی سی رام بن سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور مقامی باشندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک دعائیہ مجلس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں حجاج کرام کی صحت و تندرستی، ان کا حج قبول ہونے کے علاوہ عالمی امن اور جموں و کشمیر کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Haj 2023 جموں وکشمر کے عازمین حج کی روانگی کیلئے تمام انتظامات مکمل، حج ایگزیکٹیو آفیسر
ڈی سی رام بن، مسرت الاسلام، نے عازمین سے خصوصی بات چیت کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام عازمین کے سفر کے دروان کی رہبری کیلئے ضلع انتظامیہ اپنے افسران کے ہمراہ حج کمیٹی جموں و کشمیر کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ عازمین کو دوران سفر کسی بھی طرح کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس موقع پر عازمین سے ضلع رام بن کی مجموعی ترقی و خوشحالی کی خصوسی دعاؤں کی درخواست کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔