ناچلانہ کھڑی مہو رابطہ سڑک گذشتہ مختلف سالوں سے ریلوے کی تعمیراتی کمپنی ارکان انٹرنیشنل کے زیر کنٹرول ہونے کے باوجود رابطہ سڑک تعمیراتی کمپنیوں کی عدم توجہی کی وجہ سے خستہ حال ہو چکی ہے جو آمدورفت کے لیے پوری طرح سے ناکارہ بن کر رہ گئی ہے۔
کھڑی کے سینکڑوں مقامی لوگوں نے تعمیراتی کمپنیوں اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کر تے ہوئے نعرے بازی کی۔
لوگوں نے بتایا کہ تحصیل کھڑی میں ریلوے کے کئی ٹنل زیر تعمیر ہیں اور ان کی رسائی اور مشینری کو لانے لیجانے کے لیے اسی سڑک کو ریلوے کی کمپنیاں استعمال کر رہی ہیں لیکن ریلوے کی تعمیراتی کمپنیاں اور ارکان انٹرنیشنل اس خستہ حال ہوئی سڑک کو گذشتہ کئی سالوں سے مکمل طور سے نظر انداز کر رہی ہے جس کی وجہ مقامی لوگوں کو خاص کر اسکولی بچوں کا زبردست مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سڑک پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ گاڑی والوں کے لیے بھی خطرہ بنا ہوا ہے، جگہ جگہ پر سڑک میں بڑے بڑے گڈھے دیکھنے کو مل رہے ہیں اور کئی مقامات پر سڑک دھنس جانے کی وجہ سے ایک خطر ناک صورت اختیار کر چُکی ہے۔جس پر کبھی بھی کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے، لیکن اس کے باوجود انتطامیہ اس حوالے سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھا رہی ہیں۔