جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی ان دنوں خطہ پیر پنجال کے دورے پر ہیں۔ جہاں پارٹی کارکنان کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا وہیں راجوری کے کھانڈلی علاقہ میں چند نوجوانوں کی طرف سے مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران نوجوانوں نے محبوبہ مفتی گو بیک کے نعرے بھی لگائے۔
آج صبح جب محبوبہ مفتی راجوری سے بدہل کی طرف روانہ ہوئی تو راستہ میں چند نوجوانوں نے گو بیک کے نعرے لگائے۔ اس دوران مخالفت کرنے والے نوجوان اپنے ہاتھوں میں بھارتی پرچم ترنگا لیکر راستے میں کھڑے ہوگئے اور گو بیک کےنعرے لگاتے رہے۔ تاہم گاڑیوں کا عملہ اپنے مقام کی طرف رواں دواں رہا اور اپنے مقام کوٹرنکہ پہنچ گیا۔