جموں: سرحدی ضلع راجوری کے کوٹرنکہ علاقہ کے دھارساکری میں دیر رات ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ایک ممبر کی جانب سے فائرنگ کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ وی ڈی سی ممبر نے اس وقت گولی چلا دی جب کچھ لوگ ان کے گھر کا دروازہ کھٹ کھٹا کر بھاگ گئے۔
جانکاری کے مطابق کوٹرنکا کے دھارساکری سے تعلق رکھنے والے وی ڈی سی ممبر کی طرف سے گولی اس وقت چلائی گئی جب چند افراد نے ان کے دروازے کو کھڑکایا اور پھر بھاگ گئے۔ رات دیر گئے اچانک دروازہ پر دست سے وی ڈی سی ممبر گھبرا گئے اور فائرنگ کردی۔ جلد ہی اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔
پولیس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کی ٹیموں نے جلد ہی اس پورے علاقہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کر دی۔ تلاشی آپریشن کے دوران ان کو علاقہ میں کوئی بھی مشکوک شخص اور نقل و حرکت نہیں ملی جس کے بعد علاقہ سے سرچ آپریشن ختم کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ میں سابق پولیس افسر فائرنگ میں ہلاک
واضح رہے کہ جموں و کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں عسکریت پسندوں اور نامعلوم بندوق برداروں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ بہت سے واقعات میں عسکریت پسندوں یا نا معلوم بندوق برداروں کی جانب سے گھر کے اندر سے مطلوبہ شخص کو طلب کرکے ہلاک کیا گیا۔ حال ہی میں عسکریت پسندوں کی جانب سے گھات لگار کرنے حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں چار فوجی جوان ہلاک ہوئے وہیں دوسری جانب شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں فجر کی اذان کے دوران سابق پولیس افسر پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔