سرحدی ضلع راجوری میں درہال پل کے نزدیک ٹریفک کی آمد و رفت روک کر مقامی باشندوں خاص کر دکانداروں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ مین ٹائون راجوری کی انتہائی اہم سڑک ہونے کے باوجود اس کی مرمت کے تئیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خستہ حال اور خراب سڑک کے باعث مقامی باشندوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں کے مطابق خشک موسم میں سڑک پر سے اٹھنے والے گرد و غبار اور بارشوں کے دوران کیچڑ کے باعث سڑک کو پار کرنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن کے سبب گاڑیوں کی حالت بھی کافی خراب ہو چکی ہے، وہیں ان میں جمع پانی مقامی باشندوں اور راہگیروں کے لیے عذاب کا باعث بنتا ہے۔
مزید پڑھیں: گاندربل میں سیلابی صورتحال، عوام خوفزدہ
مقامی دکانداروں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث خریدار اس مارکیٹ کا رخ کرنا پسند نہیں کرتے جس کے باعث دکانداروں کو نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سڑک کی مرمت کیے جانے سے متعلق انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سمیت ضلع انتظامیہ سے گزارشات کیں تاہم انکے مطابق عوام کے دیرینہ مطالبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔