سرحدی ضلع راجوری میں بارڈرسیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے لاک ڈائون کی وجہ سے راجوری میں پھنسے غیر مقامی باشندوں میں مفت راشن تقسیم کیا۔
دیگر ریاستوں اور خطوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں بھی مکمل لاک ڈائون نافذ ہے جس کے چلتے غریب افراد مشکلات سے دو چار ہو رہے ہیں۔ لاک ڈائون کی وجہ سے جہاں راحت پہنچانے کی غرض سے نجی ادارے، سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں وہیں فوج اور نیم فوجی دستے بھی عوام کی مدد کے لئے سامنے آ رہے ہیں۔
راجوری میں غیر ریاستی باشندوں کو مفت راشن فراہم کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندں سے بات کرتے ہوئے بی ایس ایف کے ڈی آئی جی برائے پونچھ - راجوری کا کہنا تھا کہ ’’ایسے حالات میں فوج ہمیشہ عوام کی مدد کے لیے تیار رہتی ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کی کسمپرسی اور تنگ دستی کے چلتے فوج نے خود کے راشن میں سے کچھ حصہ نکال کر حاجت مندوں میں تقسیم کیا۔
انکا کہنا تھا کہ یومیہ مزدوری پر کام کر رہے افراد اور درماندہ غیر مقامی شہریوں کے لیے ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق مدد کے لیے سامنا آنا چاہئے۔