راجستھان کے اجمیر میں جاری خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 809 واں سالانہ عرس آج قل کی رسم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اس موقع پر عرس کی شاہی محفل ہوئی اور خواجہ صاحب کے مزار اقدس کو چھٹا غسل دیا گیا۔ بھارت میں قومی یکجہتی کا مرکز حضرت خواجہ غریب نواز کی درگاہ جہاں سبھی مذہب و ملت کے لوگ اپنی عقیدت کے مطابق خواجہ کے دربار میں حاضری دیتے ہیں۔
خصوصاً برصغیر سے خواجہ غریب نواز کے عرس کے موقع پر عقیدت مند اپنی مرادیں لے کر دربار میں پہنچتے ہیں۔
عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ اجمیر میں حاضری کے بعد ان کی زندگی میں کئی اہم ترین بدلاؤ آئے اور کامیابی کی بلندیاں حاصل ہوئی ہیں۔
خواجہ غریب نواز کے عرس کی چھٹی کے موقع پر درگاہ سے جڑے خادموں اور ان کی تنظیم نے زائرین کی سہولیات اور کووڈ 19 کی وجہ سے پیدا شدہ حالات کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کئے اور بہترین نظم کیا گیا۔
عرس کے دوران لوگوں کو ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کیے گئے۔
اجمیر عرس کی چھٹی کے موقع پر خادم خواجہ کی جانب سے تمام زائرین عقیدت مندوں کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر صبح درگاہ کے احاطہ نور میں چھٹی کی فاتحہ پڑھی گئی اور خدام خواجہ (خادموں) کی جانب سے آستانہ شریف میں چادر پیش کر کے ملک میں امن و سکون، خوشحالی اور قومی اتحاد اور بھائی چارے کی دعا کی گئی۔
خواجہ غریب نواز نے پوری دنیا کو انسانیت کا پیغام دیا
اس دوران آستانہ شریف میں کسی بھی زائرین کو داخل نہیں ہونے دیا گیا اور خدام خواجہ نے ہی آستانہ شریف میں قل کے ساتھ دعا مانگی۔ اس کے بعد عرس کے دوران کھلنے والے جنتی دروازہ کو بھی بند کر دیا گیا۔