ریاست راجستھان کے اجمیر شہر میں واقع عالمی شہرت یافتہ درگاہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ Dargah Khwaja Khwaja Garib Nawaz کے احاطے میں بنائی جانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو ہدف تنقید بنی ہوئی ہے۔
درگاہ احاطے میں بنائی گئی وائرل ویڈیو Ajmer Dargah Viral Video میں ایک لڑکی شاہجہانی مسجد کے صحن میں جمناسٹک کرتی نظر آ رہی ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ ناظم محمد عادل نے درگاہ تھانے میں شکایت دی۔ شکایت درج کرنے کے بعد پولیس معالے کی جانچ کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر 'میشا آفیشل' نام کے اکاؤنٹ سے مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خادم نے اس پر اعتراض جتایا۔
اس معاملے میں خادم حسام الدین چشتی نے درگاہ ناظم کو خط لکھ کر شکایت کی اور اسے مسجد و درگاہ کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان کی ہدایت پر اسسٹنٹ ناظم نے درگاہ پولیس اسٹیشن کو شکایت بھیجی جس میں لکھا گیا ہے کہ 15 سیکنڈ کی ویڈیو میں سیاہ لباس میں ایک لڑکی قوالی کی دُھن پر جمناسٹک کرتی نظر آرہی ہے۔
شکایت میں مزید کہا گیا کہ 'اس طرح کی ویڈیو سے درگاہ اور خواجہ غریب نوازؒ کے عقیدت مندوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ درگاہ کمیٹی اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے۔
معاون ناظم نے لکھا کہ مذکورہ اکاؤنٹ چلانے والے شخص کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے اور درگاہ کے وقار کو پامال کرنے کی پاداش میں کارروائی کی جائے۔