بی جے پی کے سینئر رہنما اور راجستھان حج کمیٹی کے سابق چیئرمین امین پٹھان نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ ایک طویل عرصہ سے راجستھان میں کانگریس کی حکومت ہے لیکن یہاں پر ابھی تک اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے تمام محکمے خالی نظر آ رہے ہیں۔ ان محکموں میں ابھی تک کسی چیئرمین کی تقرری نہیں کی گئی ہے۔ اس لیے راجستھان میں اقلیتوں کی ترقی کے لیے کوئی بھی کام نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گہلوت حکومت دو گروپ میں تقسیم ہو چکی ہے۔ اس لیے اقلیتی اداروں میں کس کو چیئرمین بنایا جائے اور کس کو نہ بنایا جائے اس بات کا فیصلہ وزیراعلی اشوک گہلوت نہیں کرپا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کی ریاست کی کانگریس حکومت نے اقلیتوں سے جو وعدے کیے تھے، ان وعدوں کو بھی ابھی تک پورا نہیں کر سکی ہے۔
وہیں، دارالحکومت جے پور سے رواں برس حج کی پرواز نہیں ہونے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کی مرکزی حج کمیٹی کو اس بارے میں بتایا گیا ہے اور جلد ہی کوئی راستہ نکلے گا۔
انہوں نے کہا کی حاجیوں کو کسی طرح کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے، اس کے لیے مرکزی حج کمیٹی کافی مستعد ہے۔