ریاست راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاستی سطح کے اساتذہ کی اعزازی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ،انہوں نے بچوں کو معیاری تعلیم سے مربوط رکھنے کے لیے ایک ای کلاس پروگرام کا آغاز کیا اور کورونا دور میں بھی نو بیگ ڈے بروشر جاری کیا۔
مسٹر گہلوت نے اس عرصے کے دوران 849 اساتذہ کو ان کی نمایاں خدمات کے لیے بھی اعزاز سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت حساس، شفاف اور جوابدہ گورننس کے ذریعے اچھی حکمرانی دینا چاہتی ہے۔ اس میں اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کووڈ 19 وبا کے دوران کورونا واریئرس کی حیثیت سے پوری لگن کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ریاستی حکومت ان کے اعزاز میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ ہمیں سنہ 2020 کو زندگی بچانے کا سال سمجھ کر آگے بڑھنا چاہئے، کیونکہ کووڈ 19 سے زندگی کی حفاظت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت زندگی کو کورونا سے بچانے کے ساتھ ساتھ روزی روٹی کو جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے لیے، طب کے شعبے میں انفراسٹرکچر کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم نے ترقیاتی سرگرمیوں کو بڑھانے کی بھی مستقل کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے انگریزی میڈیم تعلیم کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے ریاست میں مہاتما گاندھی انگلش میڈیم اسکول قائم کیے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ضرورت کے مطابق ان کی تعداد میں اضافہ کریں، تاکہ گاؤں دیہات تک بچوں کو انگریزی میڈیم میں تعلیم دی جاسکے اور وہ نجی اسکولوں کے طلباء سے پیچھے نہ رہیں۔
مزید پڑھیں: 'میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے'
وزیر مملکت برائے تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسارا نے کہا کہ وزیر اعلی مسٹر اشوک گہلوت کی قیادت میں تعلیم کے میدان میں غیرمعمولی اصلاحات کی گئی ہیں، جس سے ریاست کو تعلیم کے میدان میں قائد بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ڈیجیٹل تعلیم پر زور دیتے ہوئے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سے ای مواد تیار کروایا ہے، تاکہ کورونا کے زمانے میں بچوں کی پڑھائی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اس کے لیے، مشن 'گیان' اور ویدانتا کا تعاون لیا گیا۔
راجستھان پہلی ریاست ہے جس نے 'ای کلاس پروجیکٹ' کے ذریعہ اس قسم کا انوکھا اقدام اٹھایا ہے۔ نیز، راجستھان ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے ہر ہفتہ 'نو بیگ ڈے' شروع کیا۔