ریاست راجستھان کے میوات علاقے میں سیکری قصبہ میں کھیل سمیتی سیکری کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جسکی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ٹورنامنٹ کا با قاعدہ آغاز 24 جنوری کو ہوگا۔
علاقہ میں اس ٹورنامنٹ کی اہمیت اسلئے زیادہ ہے کیونکہ یہاں آپسی بھائی چارے کو بڑھانے میں یہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سیکری ٹورنامنٹ کی اس روایت کو تقریبا 15 سال بعد پھر سے شروع کیا جارہا ہے۔
کھیل سمیتی سیکری کے منتظم چاند محمد نے بتایا کہ ہمارے یہاں کوئی میدان نہیں ہونے کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ نہیں ہو پا رہے تھے۔لیکن اب ہماری کمیٹی نے ملکر 32 بیگھا زمین کھیل اور کالج کیلئے عطیہ کی ہے۔جس میں بطور خاص رام اوتار کھنڈیلوال اور چودھری اختر، ساہون، پنیت تنیجا سمیت درجن بھر لوگ شامل ہیں۔یہاں رکن اسمبلی واجب علی کی قیادت میں کالج اور کھیل اسٹیڈیم کے منصوبہ پر کام کیا جارہا ہے۔
چاند محمد نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ فاتح ٹیم کو اپاچی بائک انعام میں دی جائے گی۔جبکہ رنراپ ٹیم کو سی ڈی ڈیلکس بائک دی جائے گی۔مین آف دی سیریز کو 11 ہزار نقد دئیے جائیں گے۔
وہیں کھیل سمیتی سیکری کے دیگر منتظمین نے بتایا کہ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں تمام طبقے اور برادری کے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، ساتھ میں میوات کے علاوہ ہریانہ کے تمام اضلاع جیسے نوح، فریدآباد، سونا، گڑگاؤں کی کرکٹ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتی ہے۔
غورطلب ہے کہ کرکٹ ٹورنامنٹ کرکٹ کے مسلمہ اصولوں و ضوابط کے مطابق ہی کھیلا جائے گا اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈریس کمیٹی کی طرف سے مہیا کروائی جائیں گی۔میوات میں کھیلوں کے طرف بڑھتے ہوئے رجحان کو خوش آئند قدم مانا جا رہا ہے۔