اجمیر: انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور ایمرجنسی رسپانس فورس کے اہلکاروں نے آج صوفی بزرگ خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 812 ویں سالانہ عرس کے لیے درگاہ پر حفاظتی انتظامات کیے ہیں، جو راجستھان کے اجمیر میں 8 جنوری سے شروع ہوگا۔ عہدیداروں نے درگاہ شریف کے تمام داخلی دروازوں اور درگاہ کے آس پاس کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ جائے واقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ موجود میٹل ڈیٹیکٹر اور آلات کا بھی معائنہ کیا۔
درگاہ بازار سے مرکزی دروازے کے علاوہ انہوں نے تریپلولیا گیٹ، چھتری دروازہ، جھلڑہ سے داخلی راستہ، لنگر خانہ گلی، پنی گرام چوک وغیرہ علاقوں میں پیدل مارچ کیا اور حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اے ٹی ایس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ درگاہ حساس زمرے میں درج ہے۔ اس لیے وقتاً فوقتاً حفاظتی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس شروع ہونے والا ہے، اس لیے حفاظتی انتظامات کو ہر پہلو سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ درگاہ کی سیکیورٹی پر درگاہ کمیٹی، انجمن اور مقامی پولیس سے بھی بات کی جائے گی اور اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اجمیر شریف میں پاکستان سے 350 زائرین کا وفد آئے گا
واضح رہے کہ جب 8 جنوری کو پرچم اور ماہ رجب کا چاند نظر آئے گا تو عرس 12 یا 13 جنوری سے شروع ہوگا جس میں لاکھوں زائرین شرکت کریں گے۔
یو این آئی