راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے اپنی رہائش گاہ پر کورونا وائرس سے متعلق جائزہ میٹنگ کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ بین ریاستی حدود سے غیر مجاز افراد کے داخلے کو روکنے کے لئے ریاست کی تمام بین ریاستی حدود کو فوری طور پر سیل کیا جائے تاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے مجاز شخص ہی ریاست میں داخل ہو سکے۔
گہلوت نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں ملک کی متعدد ریاستوں میں کورونا مثبت کے معاملے کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ تین دن میں 10،000 کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔
ملک کے دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں بغیر اجازت کے لوگوں کے داخلے کے امکان کے پیش نظر سرحدی حدود کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران عوام کی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ بین ریاستی ٹریفک کی اجازت صرف بھارتی حکومت برائے وزارت داخلہ کے جاری کردہ رہنما خطوط اور ضوابط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے دی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت دی کہ اس کے لیے چیف سکریٹری کو دیگر تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو خط لکھنا چاہئے تاکہ ان کو مطلع کیا جائے کہ مرکزی وزارت داخلہ کے رہنما خطوط کے تحت صرف اس زمرے کے افراد کو ہی راجستھان آنے کی اجازت ہوگی، جو اس کی تمام شرائط کو مکمل کریں گے اور راجستھان کی پیشگی رضامندی حاصل کریں گے۔
اجلاس میں وزیر میڈیکل ڈاکٹر رگھو شرما، چیف سکریٹری ڈی بی گپتا، ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم راجیو روپ، ڈائریکٹر جنرل پولیس بھوپندر سنگھ ، ایڈیشنل چیف سکریٹری میڈیکل روہت کمار سنگھ ، پرنسپل سیکرٹری، انفارمیشن ٹکنالوجی ابھے کمار، انفارمیشن اینڈ ریلیشنیکشن کمشنر مہندر سونی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔