ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سندھی کیمپ بس اسٹینڈ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں آج راجستھان مسلم تیلی مہا پنچایت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔
راجستھان مسلم تیلی مہا پنچایت کے ریاستی صدر عبداللطیف آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے قہر کی وجہ سے آج ہر طبقہ کافی متاثر ہوا ہے، ایسے میں کافی لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں اس لئے ہم راجستھان حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کے 200 یونٹ بجلی کے بل معاف کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ دو ماہ میں ایک مرتبہ بل آئے گا لیکن اب ہر ماہ بل آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج پریس کانفرنس کے ذریعہ ان لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جو لوگ کورونا کی وجہ سے اس دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں۔
وہیں تنظیم کے رکن اصغر علی نے بتایا کہ آج کورونا ویکسین کو لے کر مسلم لوگوں کو کافی غلط فہمی ہو رہی ہے اور کچھ لوگ کورونا ویکسین کو لے کر کافی افواہ بھی پھیلا رہے ہیں، ایسے میں ہم حکومت سے یہ مطالبہ کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ ویکسین کے کیمپ مسلم علاقوں میں لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ ہم مسلم عوام سے اپیل کریں گے کہ کورونا وبا کا اگر خاتمہ کرنا ہے تو ہم لوگوں کو کورونا ویکسین لینی ہی ہوگی، انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہ کی جانب توجہ نہیں دی جانی چاہیے۔