الور: راجستھان کے الور ضلع میں نیمرانا تھانہ علاقہ میں پولیس نے ایک لڑکی کو گھر چھوڑنے کے بہانے پولیس چوکی لے جاکر چھیڑ خانی کرنے کے معاملے میں پولیس چوکی انچار ج کو گرفتار کیا ہے۔
جانکاری کے مطابق نیمرانا صنعتی علاقہ میں واقع جاپانی زون کے پولیس چوکی انچارج اے ایس آئی سریندر کمار نے نیمرانا تھانہ میں شکایت درج کرانے آئی 21سالہ لڑکی کو گھر چھوڑنے کے بہانے اپنی کار میں بٹھاکر پولیس چوکی لے گیا۔وہاں اس کے ساتھ چھیڑ خانی اور زور زبردستی کی۔ یہ واقعہ 17 مئی کا ہے جسے پولیس دباتی رہی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ بھواڑی امن دیپ سنگھ کو واقعہ کے بارے میں پتہ چلنے کے بعد ملزم کو معطل کردیاگیا، لیکن منگل کی دیر شام گرفتار کر لیا گیا۔ منگل کو متاثرہ کے عدالت میں بیان کے بعد یہ معاملہ عام ہوا تب جاکر پولیس نے اپنے ہی اے ایس آئی سریندر کمار ولد روپ چند چودھری باشندہ کانکرا بڈورڈ، الور کی گرفتار ی ہونے کی تصدیق کی ہے۔