عقیدت مند 20 صفرالمظفر کو فاتحہ خوانی کرتے ہیں، شیعہ برادری کی جانب سے امام حسین کی یاد میں جلوس نکالا جاتا ہے اور زنجیری ماتم کیا جاتا ہے۔
اس مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے شیعہ برادری کی جانب سے جے پور میں ماتمی جلوس نہیں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شیعہ برادری کے ذمہ داران کے مطابق امام حسین کے چالیسویں کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں، اس لیے برادری کی جانب سے یہ بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔
شیعہ جامع مسجد کمیٹی کے صدر سید جعفر عباس نقوی نے بتایا کہ ستر برس کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا جب شیعہ برادری کی جانب سے یہ جلوس نہیں نکالا جائے گا۔
جعفر عباس نقوی نے کہا کہ حکومتی ایڈوائزری کے مطابق لوگ ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے اس کے مد نظر تمام لوگوں نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی نیاز اور فاتحہ خوانی لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی کریں۔
انہوں نے بتایا کہ آج لوگ اپنے گھروں پر ہی نیاز کا اہتمام کریں گے۔
واضح رہے کہ چالیسویں کے موقع پر دارالحکومت جے پور کے سبھاش چوک سے رام گڑھ موڑ پر واقع کربلا درگاہ تک یہ ماتمی جلوس نکالا جاتا ہے اور زنجیری ماتم بھی ہوتا ہے۔