راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت کو بےحس حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ملک میں لاکھوں افراد کھڑے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی غلط فہمی جلد ہی دور ہو جائے گی۔
وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت آج ریاستی کانگریس کی طرف سے کسانوں کی حمایت میں منعقدہ یک روزہ دھرنے میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ریاستی کانگریس نے اس دھرنے کا انعقاد کیا ہے۔ ملک کے کسان کڑاکے کی سردی میں گزشتہ 49 دنوں سے احتجاج کررہے ہیں، لیکن مرکزی حکومت کی بے حسی اور غلط فہمی یہ ہے کہ کسان تھک جائیں گے اور معاملہ ختم ہوجائے گا۔
کسانوں کو سمجھدار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پرامن اور بھائی چارے کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں اور ملک کے ساڑھے چھ لاکھ دیہاتوں کے باشندوں کے جذبات کسانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا وقت آئے گا جب مودی اور شاہ کی غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی اور ان کو یہ کھیل بھاری پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو تمام کسانوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق نہيں ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت کو فاشسٹ حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ملک کو برباد کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مودی پر یہ کہتے ہوئے حملہ کیا کہ ان کے لیے یہ اہم ہے کہ انہوں نے لوگوں سے تالیاں اور تھالیاں بجوائی۔ وہ ملک کا بینڈ بجا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کو ایک رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے اور تاناشاہی رجحان رکھتے ہیں۔