ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیریؒ کی درگاہ پر دو دیگیں نصب ہیں۔ ایک دیگ اکبر بادشاہ کے نام سے اور دوسری دیگ جہانگیر بادشاہ کے نام سے منسوب ہے۔
اکبر بادشاہ کی جانب سے نذر کی گئی دیگ میں ایک سو بیس من (چار ہزار آٹھ سو کلو ) اور جہانگیر کی دیگ میں ساٹھ من غذا پکائی جا سکتی ہے۔
دونوں دیگیں خواجہ غریب نواز ؒ کی درگاہ کے صحن میں لگائی گئیں ہیں۔کئی سیڑھیاں چڑھ کر دیگ تک پہنچا جاتا ہے۔ زائر ین سیڑھیاں چڑھ کر ان دیگوں میں نذرانے ڈالتے ہیں۔
خواجہ غریب نوازؒ کے عرس کے موقع پر ایک اندازے کے مطابق ان دیگوں میں روزا نہ لاکھوں روپے کے نذارنے ڈالے جاتے ہیں۔
درگاہ کے سجادہ نشین نے بتایا کہ صرف عرس کے چھ دنوں میں ان دیگوں سے نذرانے جمع کرنے کا ٹھیکہ ایک کروڑ روپے سے زائد رقم میں دیا جاتا ہے۔ ٹھیکہ دار عرس سے پہلے یہ رقم درگاہ کی انتظامی کمیٹی کو دے دیتا ہے اور ان دیگوں سے آنے والے نذرانے وہ حاصل کر لیتا ہے جن کی مالیت کسی بھی طرح ایک کروڑ روپے سے کم نہیں ہوتی۔