راجستھان میں گہلوت حکومت کل سے یعنی 2 اکتوبر سے کورونا وباء کو لے کر ایک مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہے، اس مہم کے آغاز ہونے سے قبل ہی جماعت اسلامی ہند راجستھان کی جانب سے باقاعدہ اس مہم کی حمایت کے لیے پریس بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی ہند راجستھان کے ریاستی صدر ناظم الدین کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایک بڑا اعلان کیا گیا ہے کہ 2اکتوبر سے پوری ریاست میں کورونا وائرس وبائی مرض کے خلاف ایک مہم کا آغاز ہونے والا ہے۔جس کی ہم حمایت کرتےہیں۔
ناظم الدین کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں جس طرح کے حالات بنے ہوئے ہیں اس کے مد نظر یہ ایک بہترین قدم ہے اور یہ بہترین مہم ثابت ہوگی۔ اس مہم کا ہم تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں اور ساتھ ہی یہ اعلان کرتے ہیں کہ ریاست راجستھان میں جماعت اسلامی ہند اس مہم کی حمایت بھی کرے گی اور بھر پور تعاون بھی کیا جائے گا۔
ناظم الدین کا مزید کہنا ہے کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ حکومت کے اس قدم کو سمجھیں اور جو بھی ایڈوائزری حکومت کی جانب سے جاری کی جا رہی ہے اس کا مکمل طور پر خیال رکھے۔
واضح رہے کہ کل 2 اکتوبر کو ریاست کے دارالحکومت جے پور میں ریاستی سطح پر ایک پروگرام منعقد ہونے جا رہا ہے اس پروگرام میں ایک مہم کا آغاز وزیراعلیٰ کی جانب سے کیا جائے گا۔