بھارت میں سات مراحل میں پارلیمانی انتخابات منعقد کیے جائیں گے جس میں پہلا اور دوسرا مرحلہ 11 اپریل، تیسرا مرحلہ23 اپریل، چوتھا مرحلہ 29 اپریل، پانچواں مرحلہ 6 مئی، چھٹا مرحلہ 12 مئی اور ساتویں مرحلے کی پولنگ 19 مئی کو ہوگی۔
ریاست راجستھان میں چوتھے اور پانچویں مرحلے کی پولنگ ہوگی یعنی کی ریاست کے عوام 29 اپریل اور 6 مئی کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
اس انتخابات میں پہلی بارووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کی سوچ اور ان کے مطالبات کو جاننے کے لیے جب ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نوجوانوں کے درمیان پہنچی تو انھوں نے کھل کر اپنی سوچاور مطالبات کا اظہار کیا۔
پہلی بار ووٹ ڈالنے جارہے ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں جس طرح سے سیاست کی جارہی ہے وہ محض مذہب اور برادری کی بنأ پر کی جا رہی ہے۔
وکالت کے طالب علم گنیش کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں کو سب سے اہم مسلۂ لوگوں کی تعلیم سے عدم بیداری نظر نہیں آتی ہے اور وہ ان بنیادوں مسائل کو چھوڑ کر دیگر معمولی مسائل پر دھیان دیتے ہیں۔
کالج طالبہ جیا کشواہا کا کہنا ہے کہ وہ ایسے امیدوار کو ووٹ کریں گی جو خواتین کے تحفظ کے تئیں سنجیدہ ہو اور انھیں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں منصوبہ بندی کرسکے۔
دیگر نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار ووٹ کریں گے اس بات کو لے کر وہ کافی پر جوش ہیں۔