292 سالہ قدیم اس شہر کو یونہی یہ مقام حاصل نہیں ہواہے بلکہ اس کے پیچھے کئی ساری وجوہات پوشیدہ ہیں۔
یو نیسکیو کی ایک ٹیم جلد ہی جئے پور کا دور ہ کرے گی اور جئے پور کوورلڈ ہیرٹیج کے خطاب سے نوازے گی۔
اپنی تاریخی عمارت اور دیرینہ ثقافت کو زندہ اور برقرار رکھنے والا 292سالہ قدیم شہر جئے پور کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہواہے۔
جئے پور کے قلعے، محلات، دروازے، برآمدے، بازار اور سڑکیں اب بھی قدیم تاریخی شان و شوکت کی ترجمانی اور عکاسی کرتے نظر آرہے ہیں۔
جدیدیت کے اس دور میں ظاہری طور پر چند تبدیلیاں ضرور آئی ہیں، لیکن تاریخی ثقافت کی جھلکیاں اب بھی برقرار ہے اور اسی امتیازی خصوصیت کی بنیاد پر اسے یو نیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیاہے۔ یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خود عالمی ثقافتی ورثہ کی سند دینے کے لئے تاریخی شہر جئے پور آرہے ہیں۔
جئے پور چھوٹا کاشی اور گلابی شہر کے نام سے بھی جا نا جا تا ہے۔
مہا راجہ سوائے جئے سنگھ دوم نے 18نومبر 1727کو اس شہر کی بنیاد رکھی تھی اور انہوں نے ہی اس شہر کو جئے پور کا نام دیا تھا۔
انہوں نے ہی اس شہر کی چہار دیواری ودیگر عمارتوں کی تعمیر بنگال کے معمار بھٹا چاریہ سے کرائی تھی۔اس شہر کو بساتے وقت بارش کے پانی کی نکاسی پر خصوصی توجہ دی گئی تھی۔جو آج تک بھارت کے بیشتر شہروں میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔
جئے پور شہر کے لئے فخر کی بات یہ ہے کہ مہاراجہ ستویش جگن ناتھ سمراٹ اور راج گرو رتناکر پونڈرک نے سب سے پہلے گنگا پول گیٹ کی بنیاد رکھی۔ ودیا دھر نے نو سیاروں کی بنیاد پر نو چوکیوں پر سات دروازے اور سوریا کے سات گھوڑوں کے ساتھ ایک پارک بنا یا تھا ۔
مشرق سے مغرب کی سمت جانے والی سڑک پر، مشرق میں سورج پول گیٹ اور مغرب میں چاند پول گیٹ۔پارکوٹا تین اطراف سے اراولی پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے، یہاں موجود محلات اور قدیم عمارتیں اور گلابی ڈھولپوری آج بھی تاریخی شان وشوکت کی دلفریب ترجمانی کرتا نظر آرہا ہے ۔
جئے پور میں مندروں کی کثرت کی وجہ سے اسے چھوٹا کاشی بھی کہا جا تاہے۔ اس شہر کے بسائے جانے سے قبل اور بعد کے بہت سارے قدیم منا در اب بھی مو جود ہیں۔
گوند جی مندر ہو یا نہر گڑھ کی پہاڑیوں سے جئے پور شہر پر نظر رکھنے والے گڑھ گنیش جی کی مندر، اتنا ہی نہیں بلکہ بہت ساری قدیم منا در جنوبی ہند کے مندر کی طرز تعمیر پر ہی بنا ئی گئی ہے ۔
کئی مندروں کو بنانے والوں کے نام سے بھی جا نا جا تا ہے۔ یہ تمام بیش قیمتی چیزیں جئے پورکے لئے قدیم وراثت اور سرمایہ افتخار ہیں ۔البتہ جدیدیت کے اس دور میں میٹرو نے بھی اس شہرمیں دستک دی ہے، مگراس شہر میں 292سالہ قدیم تہذیب و ثقافت کے شاندار روایت کی عکاسی اب بھی نظر آتی ہے ۔
سال 1876میں اس وقت کے مہا راجہ سوائے رام سنگھ نے انگلینڈ کی ملکہ الزبتھ اور پرنس آف ویلز کراون البرٹ کے استقبال کے لئے اس شہر گلابی رنگ سے رنگ دیا تھا ،اسی وقت اس شہر کو گلابی شہر کے نام سے جا نا جا تا ہے۔
اب اسی پرنس آف ویلزکے نام سے منسوب البرٹ ہال یہ شہر اب عالمی ثقافتی ورثہ کا حامل ہوگا ، جب یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈری ایجولے عالمی ثقافتی ورثہ کے خطاب سےاس شہر کو نوازیں گے ۔
یہ خوشنما لمحہ نہ صرف جئے پور کے لئے بلکہ پورے ہندوستان کے لئے باعث فخر ہو گا۔