راجستھان: راجستھان کے مکرانہ کے محمد کیف کی کپتانی میں ہندوستان کی انڈر 16 گروپ فٹ بال ٹیم نے، بنگلہ دیش کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دے کر ایشیا چیمپئن شپ میں جیت حاصل کی۔ اس جیت کے بعد منگل کو مکرانہ پہنچنے پر ہندوستانی ٹیم کے کپتان محمد کیف کا مکرانہ میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ محمد کیف ولد محمد سعید، جو مکرانہ کے رہائشی ہیں، ان کو بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں ہونے والی انڈر 16 فٹ بال چیمپئن شپ کے لیے بھارتی ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ بتاتے چلیں کہ کیف نے اپنی ابتدائی تعلیم مارواڑ اسکول، مکرانہ میں حاصل کی۔ جس کے بعد سال 2017 میں وہ ہندوستان زنک فٹ بال اکیڈمی، ادے پور گئے۔ جہاں وہ اس وقت دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھے۔ ادے پور میں ہیڈ کوچ ترون رائے چیتن بھیرو انوپ مہاویر شیخاوت نے کیف کو تربیت دی اور انہیں تیار کرایا۔ کیف کے والد محمد سعید عرف بابولال بھاٹی بھی فٹ بال کے کھلاڑی ہیں اور دو مرتبہ قومی سطح پر کھیل چکے ہیں۔
کچامن سٹی مکرانہ کا محمد کیف وہ نام ہے جس نے ماربل سٹی مکرانہ کا نام برسوں بعد قومی سطح پر بلند کیا۔ حال ہی میں مکرانہ کے نوجوان فٹبالر محمد کیف کی کپتانی میں ہندوستان کی انڈر 16 گروپ ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے، ایشیا چمپئن شپ کا فائنل جیت لیا ہے۔ محمد کیف جب مقابلہ جیتنے کے بعد پہلی بار مکرانہ پہنچے تو مقامی شہریوں نے کیف کا استقبال کیا۔ کیف کی آمد کی اس خوشی میں ہر کوئی شامل ہوتا نظر آیا۔
غور طلب ہو کہ 16 سال سے کم عمر کی بین الاقوامی فٹ بال سیف چیمپئن شپ تین ستمبر کو بھوٹان میں شروع ہوئی تھی، جس میں ایشیا کے چھ ممالک بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال اور مالدیپ نے حصہ لیا تھا۔ بھارت نے فائنل میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری مکرانہ کے محمد سعید کے بیٹے محمد کیف کو دی گئی تھی۔ محمد کیف نے پورے مقابلے کے دوران ذمہ داری کو بخوبی نبھایا اور ٹیم کو فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کیف کو شروع سے ہی فٹ بال کا بہت شوق ہے۔ اپنے والد کے ساتھ وہ ہر روز مکرانہ کے رفیع احمد قدوائی اسٹیڈیم میں پریکٹس کے لیے جاتے تھے۔ اپنی محنت کی وجہ سے نہ صرف محمد کیف بلکہ مکرانہ کا نام بھی قومی سطح پر مشہور ہوا۔
سٹی کلب مکرانہ کے سرپرست اور ایم ایل اے روپارام مراوتیا، ناگور کانگریس کمیٹی کے ضلع صدر اور مکرانہ کے سابق ایم ایل اے ذاکر حسین گیساوت، سٹی کلب کے صدر عبدالسلام بھاٹی، سکریٹری محمد حنیف گوڑ، نائب صدر رام کرن کرڈولیا، خزانچی انور علی سٹی کلب کے صدر اور دیگر نے شرکت کی۔ سابق کپتان محمد اقبال رندڑ، زین العابدین، ببلو گیساوت، کشنارام مراوتیا سمیت شہر کے مکینوں نے جلوس میں شامل ہو کر کیف کو داد دی۔
کیف نے ماربل سٹی کا نام روشن کیا:
یہ اس شہر کا نام ہے جو نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں ماربل سٹی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ محمد کیف نے مکرانہ شہر کو پوری دنیا میں ایک اور پہچان بھی دی۔ ایشیا فٹ بال مقابلے میں ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے محمد کیف نے نہ صرف ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی بلکہ ایشیا چمپئن شپ پر بھی قبضہ کیا، اس عظیم کامیابی سے نہ صرف مکرانہ بلکہ پورے ہندوستان کا نام روشن کیا۔