راجستھان میں جاری سیاسی رسہ کشی کے دوران اسمبلی اسپیکر نے کانگریس کے 19 باغی ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دیا تھا لیکن ہائی کورٹ نے اسپیکر سی پی جوشی کے حکم پر اسٹے لگا دیا تھا جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک دی ہے۔
سپریم کورٹ میں سی پی جوشی کی قانونی پیروی سینیئر ایڈوکیٹ کپل سبل کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ نے ان کی عرضی پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے راجستھان ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ اب آئندہ سماعت پیر کو ہوگی تب تک پائلٹ اور ان کے حامی ارکان اسمبلی کو اسپیکر معطل نہیں کر سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ جج نے کہا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایم ایل ایز کے خلاف نااہلی کی کارروائی قابل قبول ہے یا نہیں۔
راجستھان اسمبلی اسپیکر سی پی جوشی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ہائی کورٹ کو کانگریس کے 19 باغی ارکان اسمبلی کے خلاف نااہلی کی کارروائی 24 جولائی تک روکنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے ان باغی ارکان اسمبلی میں سچن پائلٹ بھی شامل ہیں جنہیں نائب وزیر اعلی کے عہدے سے برطرف کیا گیا ہے۔