اجمیر: جنسی زیادتی کے معاملے میں ملزم کی تلاش کے بعد ممبئی سے واپس آ رہے اجمیر درگاہ تھانے کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے ٹرین میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ مبینہ طور پر نشے میں دھت اے ایس آئی نے یہاں تک کہ ٹی ٹی اور کوچ اٹینڈنٹ کے ساتھ بدتمیزی کی۔ اس کے نتیجے میں ٹرین کو رتلام میں روک دیا گیا جہاں آر پی ایف نے اے ایس آئی کو زبردستی ٹرین سے اتار کر جی آر پی کے حوالے کردیا۔ ٹی ٹی نے اس معاملے میں رتلام جی آر پی تھانہ میں معاملہ درج کرایا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح رتلام اسٹیشن پر پیش آئے اس واقعہ کا ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اجمیر ضلع پولیس کو اس معاملے کا علم ہوا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آ گئی۔ اجمیر درگاہ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر راجا رام یادو اور کانسٹیبل بھرت ہفتہ کی صبح جنسی زیادتی میں ملزم کی تلاش اور گواہوں کو طلب کرنے کے بعد ممبئی سے اجمیر جانے والی ٹرین کے ذریعہ واپس آ رہے تھے۔ سفر کے دوران اے ایس آئی کی ممبئی ڈویژن کے ٹی ٹی اجیت کمار سنہا اور ایک دوسرے شخص سے جھگڑا ہوا۔ جب ٹرین صبح تقریباً 3:30 بجے رتلام پہنچی تو اے ایس آئی راجارام اور ٹی ٹی سنہا کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:Police Rescue Abducted Girl ہنومان گڑھ سے اغوا ہونے والی لڑکی برآمد
ٹی ٹی اجیت کمار سنہا نے ریلوے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ آر پی ایف کو رتلام اسٹیشن پر بلایا ۔ آر پی ایف کے اہلکاروں نے اے ایس آئی راجارام اور کانسٹیبل بھرت کو زبردستی ٹرین سے اتار دیا۔ اس معاملے میں اے ایس آئی راجارام اور ٹی ٹی سنہا کے خلاف رتلام جی آر پی اسٹیشن میں باہمی مقدمہ درج کرایا گیا۔