راجستھان کے کرولی اور بیاور میں ہوئے دو معاملوں کو لے کر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ Demand for Action against the Hate Elements
جے پور ۔ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی نائب صدر انیس انصاری نے کہا کے موجودہ وقت میں کچھ طاقتیں ملک کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہیں، کبھی فلم دکھا کر تو کبھی نعرے لگا کر ملک کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا یہ لوگ کون ہے ہم سبھی لوگ جانتے ہیں، انیس انصاری نے کہا کہ جس طرح سے ابھی حال ہی میں بھارت کی ریاست راجستھان کے کرولی اور بیاور شہر میں کچھ لوگوں نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہےاس سلسلےمیں ہم نے پہلے ہی راجستھان حکومت کو بتا دیا تھا کہ ماحول خراب ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی راجستھان حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اس لئے یہاں آج ماحول خراب ہو چکا ہے۔
ایک لیڈر کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے راجستان پولیس کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ماحول خراب ہونے والا ہے لیکن پھر بھی ریلی کو مسلم علاقوں سے نکلنے کی اجازت پولیس کی جانب سے کیوں دی گئی، ہم لوگ راجستھان کی گہلوت حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا استعفیٰ دے اور جو بھی اس میں قصوروار لوگ ہیں ان پر سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔