راجستھان میں سیاسی رسہ کشی کے دوران 'ہارس ٹریڈنگ' کی بات سامنے آرہی ہے۔ وہیں ہریانہ سرحد پر دہلی این سی آر سے راجستھان میں پیسے آنے کے اندیشے ظاہر کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے قومی شاہراہ 8 اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی سخت نگرانی ہے۔ ساتھ ہی ہریانہ اور راجستھان کی طرف آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔
کووڈ 19 کے بہانے کی جارہی یہ ناکہ بندی زیر بحث ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں پولیس کی ٹیم شاہجہاں سرحد پر موجود ٹول ٹیکس پر تمام گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہے۔ شہاہجہاں تھانہ کی پولیس، بھواڑی پولیس لائن سے پولیس فورس کے ساتھ مل کر سرحد پر تمام گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہے۔
اس معاملے سے متعلق تھانہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے حکومت کی ہدایت کے مطابق گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ الور سے متصل ہریانہ سرحد پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
رکن اسمبلی کو خریدنے کے لیے پیسوں کی ہورہی لین دین کے امکان پر جب تھانہ عہدیداروں سے سوال کیا گیا تب انہوں نے جواب دیا کہ انہیں اس بارے میں کوئی ہدایت نہیں ملی ہے۔انہوں نے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر بے وجہ آنے جانے والے مسافروں پر کارروائی کرنے کے لیے ناکہ بندی کی گئی ہے۔