اجمیر: پڑوسی ملک پاکستان کی پاکپتن شریف میں حضرت صوفی بابا فرید الدین گنج شکر مسعود رحمتہ اللہ علیہ کا عرس منایا جارہا ہے۔ محرم الحرام کی پانچ تاریخ کو بابا فرید کا عرس منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں بھارتی ریاست راجستھان کے اجمیر شریف میں بھی حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ احاطے میں بابا فرید کا چلہ شریف 72 گھنٹوں کے لیے کھولا گیا ہے۔ Baba Farid's Chilla
حق فرید یا فرید کے نعرے زبان پر لیے عقیدت مندوں نے حضرت بابا فریدؒ کے چلہ شریف کی زیارت کے لئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہاں پر حضرت بابا قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کے چہتے خلیفہ حضرت بابا فرید گنج شکر مسعود رحمتہ اللہ علیہ کا چلہ مبارک واقع ہے۔ یہاں بابا فرید نے چالیس روز تک غار میں عبادت کی تھی۔ Dargah of Fariduddin Ganjshakar
درگاہ کے خادموں کے مطابق بابا فریدؒ کا عرس پاکستان کی پاکپتن شریف میں منایا جاتا ہے۔ جہاں بابا فرید کا مزار مبارک واقع ہے اور اسی مناسبت سے جو عقیدت مند پاکستان نہیں جا سکتے، ان کے لیے اجمیر شریف درگاہ میں بابا فرید کا چلہ زیارت کے لیے سال میں ایک مرتبہ 72 گھنٹوں کے لیے 4 محرم الحرام کو کھولا جاتا ہے۔ اس چلہ کی زیارت کے لیے درگاہ کمیٹی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے معقول انتظام بھی کیے جاتے ہیں۔ اس دوران عقیدت مند اپنی اپنی جانب سے بابا فریدؒ کے نام کا لنگر اور نذر و نیاز کرتے ہیں۔