جے پور میں جہاں ایک جانب سی اے اے کے خلاف مسلم عوام سڑکوں پر اترے تو وہیں کانگریس پارٹی نے بھی ان کی حمایت کی۔
مسلم برادری کی جانب سے ایم ڈی روڈ پر مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں کئی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہوئیں۔ مظاہرے کے دوران البرٹ ہال سے گاندھی سرکل تک مارچ بھی نکالا گیا۔
یہ مارچ ریاست راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت کی قیادت میں نکالا گیا۔ ریاستی وزیراعلی اشوک گہلوت، نائب وزیراعلی سچن پائلٹ، کانگریس کے کارکنان کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر اتر کر سی اے اے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔
ایم ڈی روڈ پر ہوئے مسلم برادری کے پروگرام کے بعد سبھی لوگ البرٹ ہال میں منعقد کانگریس کے مارچ میں شامل ہوئے۔ اس مارچ میں ان تمام پارٹیوں نے حصہ لیا جو قومی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہیں۔
مارچ کے بعد گاندھی سرکل پر ہوئے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی اشوک گہلوت نے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ 'شہریت ترمیمی قانون ریاست راجستھان میں کسی بھی صورت میں لاگو نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس کے لئے مرکزی حکومت جو چاہے وہ کر سکتی ہے۔'
دیگر جماعت کے رہنما جو شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 'جس طرح سے بی جے پی اپنی طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے، وہ غلط ہے۔'
ایک رہنما نے کہا کہ 'اگر وقت رہتے بی جے پی نے ہوش کے ناخن نہیں لیے تو اس کے خلاف ایک بڑا احتجاج کیا جائے گا۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'شہریت ترمیمی قانون ملک کے آئین کے خلاف ہے، اس لئے عوام کے ساتھ ساتھ ہم بھی اس نئے قانون کی مخالفت کر رہے ہیں۔'
ایک رہنما نے کہا کہ 'جب جب بی جے پی کوئی غلط قدم اٹھائے گی تب تب ہم اسی طرح سیاسی مخالفت کرتے رہیں گے۔'