ان انتخابات کو لے کر ای ٹی وی بھارت سے جے پور عام آدمی پارٹی کے معاون انچارج امت مشرا نے کہا کہ، ' انتخاب میں ہمیں سب سے بڑی جو پریشانی ہے، وہ ہماری پارٹی کے نشان کو لیکر آنے والی ہے۔'
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ،' ہمیں پارٹی کے نشان جھاڑو سے لڑنا چاہیئے تھا، لیکن الیکشن کمیشن اور حکومت کی ساز باز سے ہماری پارٹی کے نشان کو روک لیا گیا۔'
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ، 'کچھ روز قبل ہائی کورٹ سے ہمارے حق میں فیصلہ آیا تھا، جس میں واضح طور سے گائیڈ لائن جاری کی گئی تھی کہ انتخابی نشان جاری کیا جانا چاہیئے، لیکن اس کے باوجود ہمیں انتخابی نشان نہیں دیا گیا۔'
امت مشرا نے مزید کہا کہ، ' کانگریس کو معلوم ہے کہ عام آدمی پارٹی نے جس طرح سے دہلی میں کانگریس کا نامو نشان مٹا دیا ہے، اسی طرح سے راجستھان میں بھی کہیں ایسا نہیں ہو جائے، اسلیے پریشان کر رہی ہے۔'
پارٹی امیدواروں کو لیکر انہوں نے کہا کہ،' عام آدمی پارٹی ایماندار، تعلیم یافتہ اور اچھی شبیہ کے لوگوں کو میدان میں اتارتی ہے، اور اس بار ہماری پارٹی نے ابھی جے پور میں 25 امیدواروں کو اپنی حمایت دی ہے اور اسی طرح سے جو لوگ ہم لوگوں کو اچھے لگیں گے، ان کی حمایت کریں گے۔'
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ، 'اگر الیکشن میں ہمیں کامیابی ملتی ہے تو ہمارا پہلا کام جے پور میں سی سی ٹی وی لگانا ہے، جس سے خواتین کی حفاظت کی جاسکے اور جو جو لوگ صفائی کا کام کر رہے ہیں ان پر نظر رکھی جاسکے۔'
مزید پڑھیں:
ممبئی: اردو میڈیم کا پہلا آن لائن اسکول
واضح رہے کہ جے پور میں 29 اکتوبر اور یکم نومبر کو میونسپل کارپوریشن کے انتخاب ہونے ہیں۔