پھلودی (جودھ پور) باپ اپکھنڈ علاقے کے گاؤں کھدرت میں نہر کے کنارے 15 موروں سمیت 50 کے قریب پرندے مردہ پائے گئے ہیں۔
اس تعلق سے وائلڈ لائف پریمی شرون وشنوئی نے بتایا کہ 'تین دن قبل نہر میں کالا پانی آیا تھا۔ ہوسکتا ہے کہ یہ پانی پینے سے پرندوں کی موت ہوئی ہو۔
موروں اور دیگر پرندوں کی موت کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دی گئی، جس کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور پرندوں کے ریسکیو کا کام شروع کیا جو پیر کی شام تک جاری رہا۔
محکمہ جنگلات کی ٹیم نے مردہ موروں اور پرندوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور نہر کے پانی کے نمونے جانچ کے لیے لیب میں بھیجے گئے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے عہدیدار راجو رام وشنوئی نے بتایا کہ رات ہوجانے کی وجہ سے بچاؤ کا کام آج مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ منگل کی صبح ایک بار پھر سے پرندوں کی ریسکیو کارروائی کا کام شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ راجستھان میں گزشتہ کافی عرصہ سے موروں کی موت کی خبر سامنے آرہی ہے حال ہی میں پالی ضلع کے روہٹ علاقے کے ساتھ جودھ پور کے دیہی علاقے میں موروں کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، بتایا جاتا ہے کہ ان موروں کی موت رانی کھیت نام کی بیماری سے ہوئی تھی۔