نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کو 6 ریاستوں میں 3 معاملات میں لارنس، بمبیہا اور عرش دلّا گینگز کے ساتھیوں کے 51 مقامات پر چھاپے مارے ہیں ۔ بدھ کی صبح، این آئی اے نے پنجاب کے موگا ضلع کے تختو پورہ گاؤں میں شراب کے ٹھیکیدار کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔گینگسٹر عرش دلّا نے اس ٹھیکیدار سے تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور اس ٹھیکیدار نے تاوان دلّا کو دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں این آئی اے تحقیقات کر رہی ہے۔ این آئی اے نے اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر کے باج پور تھانہ علاقے میں ایک گن ہاؤس پر بھی چھاپہ مارا۔ این آئی اے نے اتراکھنڈ کے دہرادون ضلع کے کلیمنٹ ٹاؤن تھانے کے علاقے میں ایک اور گھر پر چھاپہ مارا ہے۔دہرادون پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق این آئی اے کی ٹیم آج صبح سے چھاپے مار رہی ہے۔ ریاستی پولیس ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیم گن ہاؤس میں موجود ہتھیاروں کی جانچ کر رہی ہے۔ این آئی اے نے شدت پسند گینگسٹر نیٹ ورک سے وابستہ 43 افراد کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں جن کے کناڈا سے روابط ہیں۔
خالصتانی علاحدگی پسندوں کو لیکر بھارت۔کینیڈا تنازعہ اب راجستھان تک پہنچ گیا ہے۔این آئی اے غیر ملکی زمینوں میں مقیم میں گیگسٹرز کے ساتھ ملی بھگت سے پیسوں کے غیر قانونی لین دین اور ہتھیاروں کے لین دین میں ملوث تخریبی عناصر کی تلاش میں راجستھان کے 13 شہروں میں چھاپے مار رہی ہے۔ ریاست بھر میں پاکستان کی سرحد سے متصل علاقوں میں شرپسندوں کے مکانات اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق این آئی اے کی کئی ٹیمیں کل رات سے ہی مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔ ان مقامات میں ہنومان گڑھ، سری گنگا نگر، جھنجھنو اور جودھپور جیسے اہم علاقے شامل ہیں۔
این آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان گینگسٹرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات شیئر کریں جنہیں مرکزی حکومت اپنے قبضے میں لے سکتی ہے۔ این آئی اے نے یہ بھی درخواست کی کہ ان گیگسٹرز کی ملکیتی جائیدادوں/ اثاثوں/ کاروبار کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں اور اگر یہ جائیدادیں ان گینگسٹرز کے ساتھیوں، دوستوں اور رشتہ داروں کے نام پر ہیں تو اُن کے نام بھی شیئر کریں ۔
یہ بھی پڑھیں: این آئی اے نے جاری کی مطلوب گینگسٹرز کی فہرست، ناندیڑ میں پناہ لینے کے امکانات، پولیس الرٹ
این آئی اے نے اپنے پوسٹ میں لارنس بشنوئی، جسدیپ سنگھ، کالا جٹھیری عرف سندیپ، وریندر پرتاپ عرف کالا رانا اور جوگندر سنگھ کی تصاویر ان کے ناموں کے ساتھ جاری کی ہیں۔این آئی اے کے مطابق ان میں سے بہت سے گینگسٹر کینیڈا میں مقیم ہیں۔ این آئی اے نے اس سے قبل چنڈی گڑھ اور امرتسر میں نامزد خالصتانی علاحدگی پسند گرپتونت سنگھ پنون کی جائیدادوں کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ضبط کیا تھا۔