چنڈی گڑھ: مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سرپرست اور قدآور رہنما اور پنجاب کے پانچ بار کے وزیر اعلیٰ رہنے والے پرکاش سنگھ بادل کے انتقال پر دو دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وہیں پنجاب حکومت نے پرکاش سنگھ بادل کے احترام کے طور پر پہلے بدھ کو ایک روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا تھا لیکن اب حکومت نے جمعرات کے روز تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تمام سرکاری، بورڈ اور کارپوریشن کے دفاتر، اسکول اور اعلیٰ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ دریں اثنا، ایس اے ڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ پرکاش سنگھ بادل کے جسد خاکی کو بدھ کو صبح 10 بجے یہاں سیکٹر 28 میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں رکھا جائے گا جہاں پارٹی کے سینئر رہنما، کارکنان اور عوام دوپہر 12 بجے تک ان کو خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔
اس کے بعد پرکاش سنگھ بادل کا آخری سفر چنڈی گڑھ سے ان کے آبائی گاؤں بادل ضلع مکتسر کے لیے شروع ہوگا۔ یہ یاترا راج پورہ، پٹیالہ، سنگرور، برنالہ، رام پورہ پھول بٹھنڈہ سے ہوتی ہوئی بادل گاؤں پہنچے گی جہاں جمعرات 27 اپریل کو دوپہر ایک بجے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ 25 اپریل 2023 کو پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کی 95 برس کی عمر انتقال ہو گیا۔ ان کی موت موہالی کے فورٹس ہسپتال میں ہوئی۔ پرکاش سنگھ بادل 8 دسمبر 1927 کو پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں ابوالکھرانہ کے ایک جاٹ سکھ خاندان میں پیدا ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: Parkash Singh Badal Passed Away پنجاب کے سابق وزیراعلی پرکاش سنگھ بادل کا انتقال
یو این آئی